حفاظتی اقدامات کے ثمرات آنے لگے، کرونا کے 28 مریضوں میں سے 3 صحتیاب

Last Updated On 14 March,2020 03:04 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان میں کرونا کے مریضوں کی تعداد 28 ہوگئی، تین افراد صحت یاب ہو کر ہسپتالوں سے ڈسچارج ہوگئے، صحت یاب ہونے والے تینوں افراد کا تعلق سندھ سے ہے، کرونا وائرس سے متاثرہ کوئی مریض جاں بحق نہیں ہوا۔

وزارت صحت نے ملک بھر میں کرونا وائرس سے متاثر ہونے والے کیسز کی رپورٹ تیار کر لی جس کے مطابق وائرس کے شبہ میں کل 609 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے، مزید 78 کے نمونے بھجوا دیئے گئے، پاکستان میں اب تک 28 افراد میں کرونا کی تصدیق ہوئی، سندھ 16، بلوچستان 6، گلگت اور اسلام آباد میں 3، 3 کیسز رپورٹ ہوئے، کرونا سے متاثرہ تمام مریضوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

دوسری ترجمان پمز ہسپتال کے مطابق اس وقت ہسپتال میں کورونا کے 5 مشتبہ مریض آئیسولیشن وارڈ میں زیرعلاج ہیں، تین مریضوں میں کورونا وائرس کی تشخیص ہو چکی ہے جبکہ 2 روز قبل امریکہ سے آنے والی کورونا سے متاثرہ ایک مریضہ کی حالت تشویشناک ہے۔

 معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا نے 28 افراد میں وائرس کی تصدیق کی ہے، کرونا سے بچاؤ کیلئے شہر شہر اقدامات جاری ہیں، محکمہ داخلہ کی جانب سے کوئٹہ میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی جس کے تحت کوئٹہ میں 10 سے زائد افراد کے اجتماع پر پا بندی عائد کی گئی، صوبے بھر میں تعلیمی ادارے مکمل بند ہیں۔

پاک ایران سرحدی شہر تفتان سے روانہ ہونے والے زائرین کو ئٹہ پہنچ گئے جنہیں میاں غنڈی قرنطینہ سینٹر میں رکھا گیا ہے۔ بلوچستان کی پاک ایران اور پاک افغان سرحدیں مزید 2 ہفتوں کے لئے بند کر دی گئیں جہاں ہر قسم کی تجارتی اور دیگر سرگرمیاں معطل ہیں، افغان مہاجرین کی رضا کارانہ واپسی کا سلسلہ بھی تعطل کا شکار ہوگیا ہے۔

ادھر محکمہ صحت سندھ نے قیدیوں کیلئے ایڈوائزری جاری کر دی۔ محکمہ صحت کے مطابق 40 سال سے اوپر اور کم قوت مدافعت والے قیدیوں کو الگ رکھا جائے، جیل میں تمام افراد ایک میٹر کا فاصلہ رکھیں گے، تمام قیدیوں کو صابن اور سینیٹائزر کی سہولیات فراہم کی جائیں۔

خیبرپختونخوامیں بھی کرونا وائرس کے مزید 3 مشتبہ کیسز کلیئر ہوگئے۔ رپورٹ کے مطابق ایبٹ آباد، صوابی، پشاور میں مشتبہ مریضوں میں تصدیق نہیں ہوئی، صوبے میں 29 مشتبہ کیسز میں 27 کلئیر ہوچکے ہیں۔