کراچی: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ہر ضلع میں کورونا وائرس کے مریضوں کیلئے قرنطینہ بنانے اور کوئٹہ سے سکھر آنیوالے زائرین کے فوری ٹیسٹ کرانے کی کی ہدایت کردی۔
وزیراعلیٰ سندھ کی زیر صدارت کورونا وائرس ٹاسک فورس کا 17 واں اجلاس ہوا، مراد علی شاہ نے کہا کہ آج کوئٹہ سے زائرین سکھر پہنچ رہے ہیں، زائرین کے فوری ٹیسٹ کیے جائیں، اس حوالے سے محکمہ صحت کی خصوصی ٹیمیں بھی سکھر بھیجی ہیں، اب تک سکھر میں 289 زائرین پہنچے ہیں، مزید 853 زائرین پہنچنے والے ہیں، ہمیں نئے آنے والوں کیلئے بھی تیاری کرنی ہے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ ایک ہیلی کاپٹر سکھر بھیجا ہے جو تفتان سے سکھر آنے والے مسافروں کے خون کے نمونے کراچی لائے گا جبکہ کورونا کیلئے ٹیسٹنگ کٹس، ڈاکٹرز اور تربیت یافتہ طبی عملہ بھی تعینات کیا ہے۔