کراچی: (دنیا نیوز) محکمہ صحت سندھ نے ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہری گھروں یا دفاتر میں رہیں، غیر ضروری باہر نہ نکلیں، پرہجوم مقامات پر ہر شخص کو دوسرے شخص سے ایک میٹر فاصلہ رکھنے کی ہدایت کی ہے۔
محکمہ صحت سندھ کا کہنا ہے کہ تمام پرہجوم جگہوں پر ہیلتھ ڈیسک قائم کیا جائے، لوگوں کی چیکنگ کرنے والے سیفٹی گئیرز کا استعمال کریں۔ محکمہ صحت سندھ نے شہریوں کو تمباکو نوشی سے پرہیز کرنے کی ہدایت بھی کی ہے، سانس کے مریض، بخار اور دیگر وائرلز میں مبتلا افراد پرہجوم مقامات پر نہ جائیں، ہوٹلز، گیسٹ ہاوسسز کے مہمانوں، زائرین اور ملازمین کے درجہ حرارت کو جانچنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے، کسی بھی شخص کو کھانسی یا جسمانی تکلیف پر ہوٹل میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔
محکمہ صحت سندھ کے مطابق جیل میں 40 سال سے زائد اور کم قوت مدافعت والے قیدیوں کو الگ رکھا جائے، تمام قیدیوں کو صابن اور سینیٹائزر کی سہولیات بھی فراہم کی جائیں، تفتیش کاروں کو بھی احتیاطی تدابیر کی ہدایت کی گئی ہیں۔