لاہور: (دنیا نیوز) کرونا وائرس سے پاکستان میں بھی صورتحال خراب ہونا شروع ہو گئی ہے۔ خیبر پختونخوا میں ایک ہی دن میں دو اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔ اعدادوشمار کے مطابق اس وقت 288 مریض پاکستان میں اس موذی مرض سے متاثر ہیں۔
کرونا وائرس سے ایک ہلاکت مردان جبکہ دوسری پشاور میں ہوئی۔ پاکستان کرونا وائرس سے جاں بحق ہونے والے پہلے مریض پچاس سالہ سعادت خان کا تعلق خیبر پختونخوا کے شہر مردان سے ہے۔
مردان کے رہائشی سعادت خان کو گزشتہ روز طبیعت خراب ہونے پر ہسپتال لایا گیا تھا، اس کے نمونے اسلام آباد لیبارٹری بھیجے گئے۔ رپورٹ مثبت آنے کے بعد مردان میڈیکل کمپلیکس میں قائم کرونا خصوصی وارڈ میں منتقل کیا گیا جہاں وہ جانبر نہ ہو سکا۔
سعادت خان پاکستان میں کرونا وائرس سے جاں بحق ہونے والا پہلا شہری ہے۔ متاثرہ شخص ایک ہفتہ قبل عمرہ کر کے واپس لوٹا تھا۔
صوبائی وزیر صحت تیمور جھگڑا نے دونوں ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ 36 سالہ شخص لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں زیر علاج تھا جو ہنگو کا رہائشی تھا۔