فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد میں شہریوں کی پریشانی کو دور کرنے کے لیے ضلعی انتظامیہ نے بندوبست کر لیا۔ شہر کے تین مقامات پر کلورین ملے پانی کے جراثیم کُش واٹر ٹینکرز کا انتظام کر دیا گیا جہاں سے شہری بغیر کسی معاوضے کے ہاتھ دھو کر جراثیم سے محفوظ رہ سکتے ہیں، شہریوں نے ایسے مزید انتظامات کا مطالبہ بھی کیا۔
کرونا وائرس سے بچاؤ کے پیش نظر مارکیٹوں میں کہیں سینی ٹائزر نایاب تو کہیں ان کی قیمتوں میں من چاہا اضافہ کر دیا گیا جس کا حل انتظامیہ نے جراثیم کش واٹر ٹینکر کھڑے کر کے نکالا۔ ڈپٹی کمشنر محمد علی کہتے ہیں جراثیم کش واٹر ٹینک شہریوں میں کرونا وائرس کی روک تھام کے لیے موثر ثابت ہونگے، جلد مزید مقامات سمیت تحصیل سطح پر بھی ایسے واٹر ٹینک لگوائے جائیں گے۔
ماہرین صحت کہتے ہیں صرف سینی ٹائزرز ہی نہیں بلکہ کلورین ملے پانی سے ہاتھ دھو کر بھی شہری کرونا وائرس کی وبا سے محفوظ رہ سکتے ہیں۔