جسٹس محمد قاسم خان نے بطور چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ عہدے کا حلف اٹھا لیا

Last Updated On 19 March,2020 11:23 am

لاہور: (دنیا نیوز) جسٹس محمد قاسم خان نے بطور 50 ویں چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ عہدے کا حلف اٹھا لیا۔

حلف برداری کی تقریب گورنر ہاؤس میں ہوئی، گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے جسٹس قاسم خان سے نئے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کا حلف لیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے تقریب میں خصوصی شرکت کی جبکہ اس موقع پر لاہور ہائیکورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس محمد امیر بھٹی سمیت دیگر ججز، سرکاری وکلاء اور سیاسی و سماجی شخصیات بھی موجود تھیں۔

حلف برداری تقریب کے موقع پر کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اپنائی گئیں۔ گورنر چودھری محمد سرور، وزیر اعلیٰ عثمان بزدار اور چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس قاسم خان کا ٹمپریچر چیک کیا گیا جبکہ شرکاء کو مکمل سکریننگ اور ہینڈ سینی ٹائزنگ کے بعد تقریب میں شرکت کی اجازت دی گئی۔

حلف برداری کے بعد لاہور ہائیکورٹ پہنچنے پر چیف جسٹس قاسم خان کا پرتپاک استقبال کیا گیا، پولیس کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس قاسم خان نے واضح کیا کہ عدالتی افسران اپنے اپنے کام پر توجہ دیں، غفلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
 

Advertisement