اسلام آباد: (دنیا نیوز) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے کرونا سے نمٹنے کیلئے پاکستانی سفارتی مشنز سے مدد مانگ لی۔ وزارت خارجہ کو خط کے ذریعے پاکستان کو درکار سازو سامان کی فہرست بھی بھجوا دی گئی۔
این ڈی ایم اے نے خط میں کہا ہے کہ سفارتی مشنز، پاکستانی کمیونٹی، ڈونرز، مخیر حضرات اور ادروں سے مدد حاصل کریں، پاکستانی مشنز، مینوفیکچررز اور سپلائرز سے رابطوں میں بھی تعاون کریں، وزارت خارجہ کو ضروری سازو سامان کی فہرست بیرون ملک مشنز کے سامنے رکھنے کی درخواست کی ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق کورونا سے نمٹنے کیلئے 2 کروڑ سرجیکل ماسک، 20 لاکھ ہینڈ سینی ٹائزرز، 1 ایک لاکھ تھرمل گنز، اڑھائی لاکھ این 95 ماسک کی ضرورت ہے، 10 ہزار وینٹی لیٹرز، 1 لاکھ پی سی آرلیب کٹس، 50 لاکھ بائیو ہیزرڈ بیگز بھی درکار ہیں۔ تین لاکھ 85 ہزار ڈسپوزایبل شو کورز، 3 لاکھ 89 ہزار ہیڈکورز بھی ضرورت ہے، 500 موبائل ایکسرے مشینز، 22 ہزار چشموں کا بندوبست کیا جائے۔