واشنگٹن: (دنیا نیوز) کرونا دنیا کے 176 ممالک تک پھیل گیا، یورپ کرونا پر قابو پانے میں بے بس، اٹلی میں ہلاکتوں کی تعداد 2 ہزار 978 ہو گئی، امریکا میں کرونا سے 155 افراد ہلاک ہو گئے۔
کرونا دنیا میں تیزی سے پھیلنے لگا، 176ممالک وبا کی زد میں آ گئے۔ اٹلی میں ایک ہی روز میں کرونا وائرس سے 475 افراد ہلاک ہو گئے جو اب تک کسی بھی ملک میں کرونا سے ایک ہی روز میں سب سے زیادہ ہلاکتیں ہیں۔اٹلی میں مرنے والوں کی تعداد 2,978 ہو گئی جبکہ 35,713 متاثر ہیں۔ ایران میں ہلاکتوں کی تعداد 1135 ہو گئی۔
اسپین میں چھ سو اڑتیس، جرمنی میں اٹھائیس، فرانس میں دو سو چونسٹھ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ امریکا میں کرونا سے ہلاکتوں کی تعداد 155 ہو گئی۔ ایک ہی روز میں دو رکن کانگریس کرونا بیماری کا شکار ہو گئے۔ متاثرہ افراد سے ملاقات کرنے والے درجن سے زائد اراکین کانگریس قرنطینہ میں چلے گئے۔
کرونا کی وجہ سے برطانیہ میں اسکو ل بند کر دیئے گئے، یورپ کے مرکزی بینک نے یورو زون ممالک کی معیشت کو کرونا وائرس کی وجہ سے ہونے والی بدحالی سے بچانے کے لیے 820 ارب ڈالر مالیت کے ایمرجنسی پیکج کا اعلان کیا ہے۔
عالمی ادارہ صحت کے مطابق عالمی وبا پر قابو پانے کا واحد راستہ آئسولیشن، ٹیسٹ، علاج اور لوگوں کو ٹریس کرنا ہے۔