سندھ میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 211 ہو گئی

Last Updated On 19 March,2020 02:20 pm

کراچی: (دنیا نیوز) سندھ میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 211 ہو گئی، 41 افراد میں مقامی طور پر وائرس منتقل ہوا۔ پاک فوج اور سندھ حکومت نے مل کر ایکسپو سینٹر میں دس ہزار بستروں پرمشتمل ہسپتال قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

سندھ میں جان لیوا کرونا وائرس کے کیسز بڑھنے لگے۔ وزیراعلی ہاوس کراچی میں اعلی سطح کا اجلاس ہوا جس میں تمام بڑے سر جوڑ کر بیٹھ گئے۔اجلاس میں بتایا گیا کہ اب تک 41 افراد میں مقامی طور پر وائرس منتقل ہوا۔ شام سے آنے والے 8،دبئی 3، ایران 4، سعودیہ عرب سے 3 افراد میں کرونا وائرس پایا گیا۔

اجلاس میں ایکسپو سینٹر کراچی میں دس ہزار بستروں پر مشتمل ہسپتال اور آئسولیشن سینٹر قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا، صوبائی وزیر تعلیم سعید غنی کمشنر کراچی اور بریگیڈئیر سمیع پر مشتمل کمیٹی یہ کام سر انجام دے گی۔

وزیراعلی سندھ نے غریب افراد میں 20لاکھ راشن بیگز تقسیم کرنے کی ہدایت بھی کردی جس میں تین قسم کی دالیں،خشک دودھ، گھی، شکر، مصالحے، آٹا اور چاول شامل ہوں گے۔ کور کمانڈر کراچی نے سندھ حکومت کو مدد کی یقین دہانی کرا دی۔
 

Advertisement