اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر مملکت نے ‘’زینب الرٹ بل’’ پر دستخط کر دیے ہیں۔انہوں نے یہ تصدیق اپنے ٹویٹر پیغام کے ذریعے کی۔
اپنے ایک ٹویٹ میں صدر عارف علوی نے کہا کہ زینب الرٹ ایکٹ اغواء شدہ بچوں کے کیسز میں فوری ردعمل اور بازیابی کیلئے شاندار قانون ہے۔ اس سے فری ہیلپ لائن کا قیام، پولیس اور انتظامیہ کے فوری ردعمل کیلئے فریم ورک عمل میں آئے گا۔ صدر مملکت نے کہا کہ یہ قانون مجرموں کا سراغ لگانے کیلئے ٹیکنالوجی کے استعمال اور اس کو بہتر بنانے میں معاون ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: قومی اسمبلی نے زینب الرٹ بل کو سینیٹ ترامیم کے ساتھ منظور کر لیا
خیال رہے کہ قومی اسمبلی نے زینب الرٹ بل کو سینیٹ ترامیم کے ساتھ منظور کر لیا تھا۔ بل کا اطلاق پورے ملک میں ہوگا۔ سپیکر اسد قیصر کے زیر صدارت قومی اسمبلی میں وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری نے زینب الرٹ، جوابی ردعمل اور بازیابی بل 2019ء کو منظوری کیلئے پیش کرتے ہوئے بتایا کہ سینیٹ نے زینب الرٹ بل کے آرٹیکل 70 کی شق 2 میں ترمیم کی سفارش کی ہے، اب بل کا اطلاق صرف وفاقی دارالحکومت میں نہیں بلکہ پورے ملک میں ہوگا۔ انہوں نے اپوزیشن جماعتوں سے بل کی منظوری کیلئے حمایت کی درخواست کی۔
I have just signed the Zainab Alert Bill into law. An excellent law for rapid response & recovery in cases of child kidnappings. It will establish toll free helplines, lay down framework for quick police & admin response. It will use & improve upon technology to trace criminals.
— The President of Pakistan (@PresOfPakistan) March 19, 2020
لیگی رہنما خواجہ آصف نے بل میں ترامیم کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہیں بل پر کوئی اعتراض نہیں ہے، لیکن قوانین پر عمل درآمد سے متعلق شکوک و شہبات ہیں، بچوں کے حقوق سے متعلق پہلے بھی قانون سازی ہوچکی لیکن اب ہر ٹریفک سگنل پر وائپر پکڑے زینب دیکھنے کو ملتی ہے، قانون سازی کے ساتھ عملدرآمد نہ ہو تو کیا فائدہ ہے۔ ایوان نے بل میں سینیٹ کی ترامیم شامل کرنے کی منظوری دے دی۔