بیجنگ: (دنیا نیوز) چین کی کرونا وائرس کیخلاف مثالی فتح کی تفصیلات بتاتے ہوئے بیجنگ میں موجود پاکستان کی سینئر صحافی زون احمد خان نے کہا ہے کہ اس موذی مرض سے نبرد آزما ہونے کیلئے ‘’احساس ذمہ داری’’ نے بہت اہم کردار ادا کیا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے دنیا نیوز کے پروگرام ‘’دنیا کامران خان کیساتھ’’ میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ زون احمد خان کا کہنا تھا کہ جہاں چین میں ایک دن کے دوران کرونا وائرس کے ہزاروں کیس رپورٹ ہو رہے تھے، وہاں دو ماہ کا عرصہ گزرنے کے بعد یہ نمبر صفر تک آ چکا ہے۔
زون احمد خان نے بتایا کہ یہ صرف اس لیے ممکن ہوا کیونکہ ہر ایک چینی شہری نے حکومت کی جانب سے کرونا وائرس کے تدارک کیلئے دی گئی پالیسی پر عمل کیا۔ انہوں نے کہا کہ چینی حکومت کی پالیسی تھی کہ خود سے قرنطینہ میں رہا جائے کیونکہ کسی کو بھی کرونا وائرس ہو سکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ گھروں میں بیٹھنے کا سب سے بڑا مقصد یہ تھا کہ ہم وائرس کو نہ پھیلائیں۔ دو ماہ کے بعد صورتحال یہ ہے کہ بہت سے دفاتر، دکانیں اور دیگر جگہیں کھلنے کے باوجود چینی شہری اب بھی ہدایات پر سو فیصد عمل کر رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ کرونا وائرس کے مریضوں کو طبی سہولیات دینے کیلئے بنائے گئے ہسپتال بند ہو چکے ہیں لیکن اس کے باجود شہری باہر نکلتے ہوئے ماسک پہنتے ہیں اور تمام ہدایات پر عمل کرتے ہیں۔
ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ لوگوں کے قرنطینہ میں جانے سے یہ فائدہ ہوا کہ کرونا وائرس تیزی سے نہیں پھیلا اور اس کا فائدہ پوری قوم کو ہوا۔