عوام ہیجان کا شکار نہ ہوں، متحد ہو کر مقابلہ کریں، صدر و وزیراعظم کا پیغام

Last Updated On 23 March,2020 12:41 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک بھر میں آج یوم پاکستان انتہائی سادگی سے منایا جا رہا ہے، صدر مملکت نے اپنے پیغام میں کہا ہے کرونا کا مقابلہ عوام نے متحد ہو کر کرنا ہے۔ وزیراعظم عمران خان کہتے ہیں عالمی وبا کی روک تھام سے متعلق اقدامات کی نگرانی خود کر رہا ہوں، عوام ہیجان کا شکار نہ ہوں۔

تجدید عہد وفا کا دن، 23مارچ کا تاریخی لمحہ، یوم پاکستان کے سلسلے میں کرنل شیر خان شہید اسٹیڈیم پشاور میں نماز فجر کے بعد سادہ تقریب ہوئی۔ کرونا وائرس کے باعث یوم پاکستان کے سلسلے میں ہونے والی تمام تقریبات منسوخ کردی گئی ہیں۔

صدر مملکت عارف علوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ کرونا وبا کے باعث آج اقوام عالم مشکل وقت سے گزر رہی ہے، متحد ہو کر اس کا مقابلہ کریں۔ علما، میڈیا اور سیاسی رہنماؤں کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کو احتیاطی اقدامات پر آگاہی دیں۔ صدر مملکت نے کہا کشمیری عوام کو یقین دلاتے ہیں پاکستان ان کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑا ہے۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے عالمی وبا کی روک تھام سے متعلق اقدامات کی نگرانی خود کر رہا ہوں۔ عوام سےاپیل ہے وہ ہیجان کا شکار نہ ہوں اور احتیاطی تدابیراختیار کریں۔

وزیراعظم نے کہا کرونا وائرس سے نمٹنے کیلئے قوم میں اتحاد، نظم وضبط ضروری ہے، حکومت کے پاس مشکل پر قابو پانے کی مکمل صلاحیت موجود ہے۔ انہوں نے کہا کشمیریوں کی اخلاقی ،سیاسی اورسفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔
 

Advertisement