اسلام آباد: (دنیا نیوز) فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ اچھا ہوتا میاں شہباز شریف اپنی بے پناہ دولت سے عوام کیلئے آج کچھ مختص کرنے کا اعلان کرتے۔
وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق نے اپنے ٹویٹ میں اپوزیشن لیڈر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہباز صاحب! قومی یکجہتی اور اتحاد سے کوئی انکاری نہیں ہے۔ حکومت کو طویل لیکچر دیتے ہوئے کچھ اپنی ذمہ داری کا احساس بھی ضرور کرتے۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ آپ کے خاندان نے جو کمایا، اسی ملک سے کمایا اور باہر لے گئے۔ اچھا ہوتا اپنی بے پناہ دولت سے عوام کیلئے آج کچھ مختص کرنے کا اعلان کرتے۔
انہوں نے اپوزیشن لیڈر کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ آج آپ کو یہ اعلان کرنا چاہیے تھا کہ شریف خاندان مشکل کی اس گھڑی میں اپنے ہم وطنوں کے لئے سرمایہ پاکستان واپس لا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان عوام کے دکھ درد کا مداوا کرنے کیلئے پہلے ہی لائحہ عمل ترتیب دے چکے ہیں۔ کرونا وائرس کے تناظر میں وزیراعظم پاکستان کے عوام کیلئے بڑے ریلیف پیکج کا جلد اعلان کرنے والے ہیں۔