اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن کے قیام کی درخواست پر نوٹسز جاری کر دیئے۔
تفصیل کے مطابق ملک میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی تحقیقات کے معاملے پر اسلام آباد ہائیکورٹ میں شہری کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ جسٹس عامر فاروق نے سول سوسائٹی کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کی۔ خیال رہے کہ سول سوسائٹی نے تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن بنانے کی استدعا کی ہوئی ہے۔
درخواست گزار نے کہا ہے کہ عدالت معاملے کی انکوائری کے لئے جوڈیشل کمیشن تشکیل دینے کے احکامات جاری کرے۔ ایران سے مزید ہزاروں زائرین کو فیصل آباد اور جھنگ لایا جا رہا ہے جس سے ملک میں مزید وائرس کے پھیلاؤ کا خدشہ ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ حکومت ایران کو قائل کرنے میں ناکام رہی کہ زائرین کو ابھی واپس نہ بھیجا جائے۔ اب عدالت زائرین کو کسی ویران جگہ پر منتقل کرنے کے احکامات جاری کرے۔ تفتان میں زائرین کے لیے فوری عمارت تعمیر کرنے کے احکامات دیئے جائیں۔
درخواست کی سماعت کے دوران جسٹس عامر فاروق کا کہنا تھا کہ حکومت سے پوچھ لیتے ہیں کہ تفتان سے آنے والوں کو کہاں رکھا ہے؟ قرنطینہ میں رکھنے کا مقصد ہی انہیں الگ رکھنا ہے۔
عدالت عالیہ نے جوڈیشل کمیشن کے قیام کی درخواست پر وفاق، وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری اور زلفی بخاری کو بھی نوٹس جاری کر دیا ہے۔