اسلام آباد: (دنیا نیوز) فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ کرونا کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے طبی سہولیات، سامان اور ڈاکٹرز بھیجنے پر عظیم دوست چین کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ چین نے جس بہترین نظم و ضبط کیساتھ اس وباء پر قابو پایا وہ دنیا کیلئے ایک مثال ہے، کرونا کے حوالے سے پاکستان چینی ڈاکٹرز کے علم، تجربے اور مہارت سے بھرپور استفادہ کرے گا۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ نبھانا آئرن برادرز کی ایک شاندار روایت ہے، دونوں ممالک کے عوام کو اس مخلصانہ دوستی پر فخر ہے، پاکستان کی معاشی ترقی کیلئے تعاون ہو یا مسئلہ کشمیر پر ہمارے اصولی موقف کی حمایت، چین ہمیشہ پاکستان اور اس کے عوام کی توقعات پر پورا اترا ہے۔