فلپائن کے آرمی چیف بھی کرونا کا شکار، 23 امریکی نیوی اہلکاروں میں وائرس کی تصدیق

Last Updated On 27 March,2020 01:03 pm

نیویارک: (دنیا نیوز) فلپائن کے آرمی چیف بھی کرونا کا شکار ہو گئے، امریکی بحری جہاز کے 23 نیوی اہلکاروں میں کرونا کی تصدیق ہوئی ہے، آسٹریلیا میں دوسرے ممالک سے آنے والے شہریوں کو قرنطینہ میں رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

فلپائن کے آرمی چیف جنرل فیلمون سانتوس بھی کرونا کا شکار ہو گئے، وزیر دفاع کے مطابق وہ قرنطینہ میں چلے گئے ہیں۔ امریکی بحری جہاز کے23 نیوی اہلکاروں میں کرونا کی تصدیق ہوئی ہے۔

امریکی نیوی سیکرٹری تھامس مولڈے نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ نیوی کے تئیس اہلکاروں میں کرونا کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد پانچ ہزار نیوی اہلکاروں کی ٹیسٹنگ کافیصلہ کیا گیا ہے۔

آسٹریلیا کے وزیر اعظم اسکاٹ موریسن نے اعلان کیا ہے کہ دوسرے ممالک سے واپس آنے والے تمام شہریوں کو 14 دنوں کے لیے اپنے گھروں کی جگہ کسی ہوٹل یا رہائش گاہ پر قرنطینہ کیا جائے گا۔

روسی حکومت نے ملک میں تمام کیفے، ریسٹورنٹ ایک ہفتے کے لیے بند کرنے کا اعلان کر دیا۔ جنوبی افریقا میں کرونا سے دو افراد ہلاک ہو گئے جبکہ متاثرین کی تعداد ایک ہزار ہے۔

پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان کرونا متاثرین کی مدد کو آ گئے۔ انہوں نے برطانوی قومی ادارۂ صحت کو پیشکش کی ہے کہ کہ وہ ان کی 4 منزلہ تعمیر شدہ عمارت کو کرونا وائرس کے مریضوں کی دیکھ بھال کے لیے استعمال کر سکتے ہیں۔