لاہور: (دنیا نیوز) سیکرٹری پرائمری ہیلتھ کیئر نے 2 ڈاکٹروں میں کورونا وائرس کی تصدیق کر دی۔
ترجمان پرائمری ہیلتھ کیئر کے مطابق ایک ڈاکٹر ڈی جی خان کورنٹین جبکہ دوسری ڈاکٹر آئسولیشن وارڈ میں کام کر رہی تھی، دونوں ڈاکٹر خطرے سے باہر ہیں، طبیعت زیادہ خراب نہیں، ڈاکٹروں کو ہسپتال کے آئسولیشن وارڈز میں رکھا گیا ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے مشکل کی اس گھڑی میں فرنٹ لائن پر جہاد کرنے والے ڈاکٹر اور پیرا میڈیکل ورکر قوم کا فخر ہیں، قوم کی حفاظت کرنے والے ان جان نثار سپاہیوں کی سہولت اور حفاظت کے لیے ہر ممکن قدم اٹھایا جا رہا ہے۔
خیال رہے پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 1235 تک جا پہنچی ہے جبکہ ملک بھر میں ہلاکتوں کی تعداد 9 ہوگئی، اب تک وائرس سے متاثر 23 مریض صحت یاب ہوگئے جبکہ 7 کی حالت تشویشناک ہے۔
سندھ میں 429، پنجاب میں 408، خیبر پختونخوا میں 147، بلوچستان میں 131، گلگت بلتستان میں 91، اسلام آباد میں 27 اور آزاد کشمیر میں کرونا وائرس کے 2 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔