ملک بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 1252 تک جا پہنچی

Last Updated On 27 March,2020 05:39 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان میں کورونا وائرس کے مزید 73 کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 1252 تک جا پہنچی ہے۔ پنجاب میں ایک اور ہلاکت کے بعد ملک بھر میں ہلاکتوں کی تعداد 9 ہوگئی۔

 سندھ میں 440، پنجاب میں 414، خیبر پختونخوا میں 147، بلوچستان میں 131، گلگت بلتستان میں 91، اسلام آباد میں 27 اور آزاد کشمیر میں کرونا وائرس کے 2 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ ملک بھر میں اب تک وائرس سے متاثر 23 مریض صحت یاب ہوگئے جبکہ 7 کی حالت تشویشناک ہے۔

پنجاب

 محکمہ صحت پنجاب کے مطابق کورونا وائرس سے لاہور میں ایک اور ہلاکت ہوئی ہے جس کے بعد صوبے میں اب تک تین افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ اس سے قبل ایک شخص لاہور اور ایک خاتون راولپنڈی میں جاں بحق ہوچکی ہے۔

گزشتہ روز جاں بحق ہونیوالا 75 سالہ شخص لاہور کے علاقے ٹاؤن شپ کا رہائشی تھا اور اس کا سیمپل اس کے گھر میں ہی لیا گیا تھا۔ معمر شخص پہلے ہی متعدد بیماریوں کا شکار تھا۔

یہ بھی پڑھیں: سیکرٹری پرائمری ہیلتھ کیئر نے 2 ڈاکٹروں میں کورونا وائرس کی تصدیق کر دی

پنجاب میں 414 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے، ڈیرہ غازی خان کے قرنطینہ میں 207، ملتان کے قرنطینہ میں 19، لاہور میں 103، گجرات میں 22، گوجرانوالہ میں 8، جہلم میں 19، راولپنڈی میں 14، ملتان ، فیصل آباد ، منڈی بہائوالدین میں3، 3، میانوالی میں 2 جبکہ نارووال، رحیم یار خان، سرگودھا، اٹک اور بہاولنگر میں ایک، ایک شخص میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے دنیا نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ پنجاب میں 10 مریضوں کی کوئی ٹریول ہسٹری نہیں اس لئے مریضوں کی تعداد بڑھے گی۔

سندھ

سندھ کے ترجمان محکمہ صحت کے مطابق صوبے میں کرونا وائرس کے کیسز کی مجموعی تعداد 440 ہوگئی ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ نئے کیسز میں سے کراچی میں مزید 7 کیس رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد صرف کراچی میں کیسز کی تعداد 153 ہوگئی ہے جب کہ حیدرآباد سے بھی ایک کیس رپورٹ ہوا ہے اور ایک مریض دادو میں زیر علاج ہے۔

کراچی، حیدرآباد اور دادو کے مجموعی 156 میں سے 102 افراد میں وائرس مقامی طور پر منتقل ہوا۔ جبکہ تفتان سے سکھر کے قرنطینہ مرکز منتقل کیے گئے زائرین میں سے 265 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوچکی ہے۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا کے مزید 5 کیسز سامنے آئے ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیے گئے ہیں جس کے بعد اسلام آباد میں مجموعی کیسز کی تعداد 25 ہوگئی ہے۔
کورونا وائرس کے خطرات کے باعث اسلام آباد میں شہزاد ٹاؤن اور رمشا کالونی میں ایک، ایک کورونا وائرس کا کیس سامنے آنے کے بعد دونوں علاقوں کو سیل کردیا گیا۔

جبکہ سرائے عالمگیر میں ایک ہی خاندان کے 6 افراد میں کورونا کی تصدیق ہوگئی، جس کے بعد پورے گاؤں کو سیل کر دیا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر کا کہنا ہے کہ سپین سے آئے شہری میں کوروناوائرس ٹیسٹ مثبت آیا۔ پولیس اور پاک آرمی نے گاؤں کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔

بلوچستان

بلوچستان کے محکمہ صحت کے مطابق صوبے میں مزید 12 کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد مصدقہ کیسز کی تعداد 131 ہوگئی ہے جب کہ سرکاری پورٹل پر بھی مجموعی کیسز کی یہی تعداد بتائی گئی ہے اور صوبائی حکومت کے ترجمان نے بھی صوبے میں 131 کیسز کی تصدیق کی ہے۔

خیبر پختونخوا

خیبر پختونخوا میں 2 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد صوبے میں مجموعی کیسز کی تعداد 123 ہوگئی ہے۔ خیبرپختونخوا کے محکمہ صحت کے مطابق 2 نئے کیسز اپر دیر سے سامنے آئے ہیں۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں بھی 7 نئے کیسز مثبت آئے ہیں۔ مشیر اطلاعات گلگت بلتستان شمس میر نے بتایا کہ کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 91 ہو گئی ہے۔ مشیر اطلاعات نے بتایا کہ نئے تمام 7 مریضوں کا تعلق ضلع سکردو سے ہے۔

آزاد کشمیر

میرپور آزاد کشمیر ایک اور مریض میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد آزاد کشمیرمیں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 2 ہوگئی ہے۔ ڈپٹی کمشنرطاہر ممتاز کے مطابق 37 سالہ متاثرہ مریض 17 مارچ کو برطانیہ سے آیا تھا اور اسے دو روز قبل قرنطینہ میں منتقل کیا گیا تھا۔