اسلام آباد: (روزنامہ دنیا) قومی فاسٹ باولر سہیل تنویر لاک ڈاؤن سے متاثر یومیہ آمدنی کمانے والے افراد کی مدد کیلئے میدان میں آ گئے جنہوں نے راولپنڈی میں کسی تشہیر کے بغیرضرورت مند افراد میں راشن بیگز تقسیم کئے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق سہیل تنویر کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں سب سے زیادہ متاثر یومیہ آمدنی کمانے والے یا دیہاڑی دار مذدور ہیں جن کی مالی معاونت کیلئے صاحب حیثیت افراد کو آگے آنا چاہئے جو اپنی استطاعت کے مطابق ایسے افراد کی لازمی مدد کریں البتہ کچھ اس طرح کہ ان کی عزت نفس مجروح نہ ہو۔
سہیل تنویر نے عوام سے کرونا وائرس سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تمام لوگ گھروں تک محدود رہیں اور غیر ضروری طور پر باہر نہ جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے جاری ہیلتھ ایڈوائزری پر عمل کرتے ہوئے ماسک کا استعمال کرنے کے ساتھ تسلسل کے ساتھ ہاتھوں کو دھویا جائے۔