کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد میں لاک ڈاؤن غریب طبقہ کیلئے کڑا امتحان بن گیا۔ یومیہ اجرت کمانے والے لاکھوں افراد متاثر، راشن کی تقسیم کے حکومتی اقدامات میں تاخیر سے غریب گھرانوں کو کھانے کے لالے پڑ گئے۔ شہری خطرناک وائرس کے خطرات کو بالائے طاق رکھ کر سڑکوں پر مارے مارے پھر رہے ہیں۔
صرف ایک وائرس نے پوری دنیا کا نظام ہی بدل ڈالا، اچھے بھلے یومیہ اجرت کماتے لوگ گھروں میں محصور ہوئے تو کھانےپینے کےبھی لالے پڑ گئے۔ کراچی میں شہری کرونا کے خوف کو ایک طرف رکھ کر بیوی بچوں کی بھوک مٹانے کیلئے سڑکوں پر مارے مارے پھر رہے ہیں۔
حکومتی امداد نہ ملی تو شہری فلاحی اداروں کی جانب دیکھنے لگے مگر یہ کافی نہیں۔ مخیر حضرات کی جانب سے مختلف مقامات پر راشن تقسیم بھی کیا جا رہا ہے مگر لاکھوں متاثرین کیلئے حکومتی اقدامات اب ناگزیر ہوچکے ہیں۔