لاہور: (دنیا نیوز) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور اور وزیراعلی پنجاب عثمان نے عزم کا اظہار کیاہے کہ انشاء اللہ پوری قوم متحد ہو کر کرونا کو شکست دے گی۔
کور کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کے لئے اسلام آباد روانگی کے وقت لاہور ائیرپورٹ پر ملاقات میں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور اور وزیراعلی عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ عوام کو کرونا سے بچانے کیلئے تمام وسائل استعمال کیے جائیں گے، قوم متحد ہو کر کرونا کو شکست دے گی۔
گورنر اور وزیراعلی نے کرونا سے بچائو کیلئے عوام سے گھروں میں رہنے کی اپیل کی، گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ حکومت کی طرف سے کرونا کے سدباب کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جارہے ہیں، وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ شروع دن سے ہی کرونا کے سدباب کے لئے حکومت متحرک ہے، کابینہ کمیٹی روزانہ کی بنیاد پر صورتحال کا جائزہ لیکر اقدامات کی منظوری دے رہی ہے۔