پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا میں کرونا وائرس کے مشتبہ افراد کے لئے قائم قرنطینہ سنٹر میں روزانہ لاکھوں روپے خرچ کئے جا رہے ہیں، قرنطینہ سنٹر میں انتظامات اور زائرین کو کھانے سمیت دیگر سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
خیبرپختونخوا میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد اور زائرین کے لئے قائم کئے گئے قرنطینہ سنٹرز میں صبح کا ناشتہ اور دو وقت کا کھانا دیا جا رہا ہے، زائرین کے لئے باقاعدہ طور پر ایک مینو تیار کیا گیا ہے۔
صوبے بھر میں کرونا کے مریضوں کے لئے 406 قرنطینہ سنٹرز قائم کئے گئے، پشاور میں سات قرنطینہ سنٹرز قائم ہیں جن میں اب تک ایک ہزار 716 افراد کو رکھا گیا ہے، زائرین کے مطابق قرنطینہ میں بہتر انتظامات کئے گئے ہیں۔
پشاور میں جہاں پر قرنطینہ سنٹرز قائم ہیں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ان علاقوں میں ایک ماہ کے لئے راشن تقسیم کیا گیا جبکہ نجی ادارے بھی ان علاقوں میں راشن تقسیم کر رہے ہیں۔
پشاور میں قائم قرنطینہ مرکز میں 150 افراد کو رکھا گیا ہے جن پر یومیہ 60 ہزار روپے سے زائد کا خرچہ آتا ہے۔