نیویارک: (دنیا نیوز) دنیا بھر میں کرونا وائرس تیزی سے زندگیاں نگلنے لگا۔ جان لیوا وبا نے 199ممالک میں 33 ہزار976 انسانوں کی زندگیاں چھین لیں، متاثرین کی تعداد 7 لاکھ 22 ہزار 196 ہوچکی ہیں۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ملک میں دو لاکھ اموات ہونے کا خدشہ ظاہر کر دیا۔ امریکا میں لاک ڈاؤن اور سماجی فاصلہ رکھنے کی تاریخ 12اپریل سے بڑھا کر 30 اپریل کر دی گئی۔
دنیا بھر میں کرونا وائرس سے اموات کا سلسلہ نہ تھم سکا۔ چوبیس گھنٹوں میں اٹلی میں 756 ریکارڈ کی گئیں، مرنے والوں کی تعداد 10 ہزار 779 تک پہنچ گئی جبکہ 10 ہزار 700 سے زائد مزید شہریوں میں وائرس کی تصدیق ہوئی، متاثرین کی تعداد 97ہزار سے بڑھ گئی۔
امریکا میں بھی کیسز میں حیرت انگیز اضافہ ہوا ہے، چوبیس گھنٹوں میں متاثرین کی تعداد 1 لاکھ 42 ہزار سے تجاوز کر گئی جبکہ 1 دن میں 251 امریکی ہلاک ہوئے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکا میں دو لاکھ اموات ہونے کا خدشہ ظاہر کر دیا، کہتے ہیں خوفناک صورتحال کا سامنا ہے، امریکی صدر نے امریکا میں لاک ڈاؤن اور سماجی فاصلہ رکھنے کی تاریخ 12 اپریل سے بڑھا کر 30 اپریل کر دی۔
اسپین میں بھی ایک ہی دن میں 861 افراد لقمہ اجل بنے، چین میں اب تک تین ہزار تین سو چار افراد ہلاک ہوچکے ہیں، فرانس میں292، برطانیہ 209، نیدرلینڈز میں 132 جبکہ ایران میں مزید 123 اموات ہوئیں۔
انڈونیشیا میں مزید 12، ملائیشیا 8، سعودی عرب 4، لبنان 2، متحدہ عرب امارات اور مراکش میں مزید ایک ایک شہری جاں بحق ہوئے۔ مہلک کرونا وائرس کو روکنے کے لئے سعودی عرب نے چوتھے شہر جدہ کو بھی لاک ڈاؤن کر دیا۔
سنگاپور نے سیلف آئی سولیشن کی خلاف ورزی کرنے والے شہری کا پاسپورٹ منسوخ کر دیا، جنوبی کوریا نے بھی ملک میں آنے والوں پر 2 ہفتوں کی سیلف آئی سولیشن کو لازمی قرار دے دیا ہے۔