پاکستان میں کورونا کا پھیلاؤ کم، محدو وسائل سے قابو پالیں گے: وزیراعظم

Last Updated On 02 April,2020 12:59 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم نے کہا ہے کہ پاکستان میں کورونا کا پھیلاؤ کم ہے، محدو وسائل سے قابو پالیں گے، ایک کروڑ 20 لاکھ افراد کو احساس پروگرام کے ذریعے پیسے پہنچائیں گے، کاروباری طبقے کو سپورٹ کیے بغیر پاکستان آگے نہیں بڑھ سکتا۔

 ٹیکس ریفنڈ کی تقریب سے وزیراعظم عمران خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا مزدوروں کو بے روزگاری سے بچانے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں، کمزور طبقے کو کورونا وائرس کے اثرات سے زیادہ خطرہ ہے، لاک ڈاؤن میں 2 ہفتے کی توسیع کر دی۔ انہوں نے کہا کمزور طبقے کو کورونا وائرس سے معاشی خطرات ہیں، کمزور طبقے کا خیال رکھنا ہماری ذمہ داری ہے، مزدور طبقہ، دیہاڑی دار طبقہ زیادہ متاثر ہو رہا ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا حکومت کی ترجیح ہے صنعت کو فروغ دیا جائے، کورونا کے پھیلاؤ کو روکنا ہے، تقریبات اور اجتماعات سے کورونا پھیلنے کا خدشہ ہے، کورونا سے پوری دنیا مشکل میں ہے۔ انہوں نے کہا لسٹ تیار کی ہے کونسی انڈسٹری سے کورونا پھیلاؤ کا خطرہ نہیں، کنسٹرکشن انڈسٹری اور سڑکیں بننے سے کورونا پھیلنے کا خدشہ نہیں، کنسٹرکشن انڈسٹری کیلئے کل پیکج کا اعلان کروں گا۔

اس سے قبل مشیر خزانہ حفیظ شیخ کا کہنا تھا 200 ارب روپے کی گندم خریدی جا رہی ہے، 100 ارب روپے ریفنڈ کیے جا رہے ہیں، چھوٹے کارخانوں کیلئے 100 ارب روپے رکھے گئے ہیں، بجلی اور گیس کے بل 3 ماہ میں ادا کیے جاسکیں گے، بجلی اور گیس کے بل فوری طور پر ادا کرنے کی ضرورت نہیں۔
 

Advertisement