اوہایو: (دنیا نیوز) شادی کی چھٹیاں منسوخ کرکے کورونا وائرس سے لڑنے کے لیے کمربستہ پاکستانی نژاد امریکی ڈاکٹرز پوری دنیا کے لیے مثال بن گئے۔ ڈاکٹر کاشف اور ڈاکٹر نائیلہ نے انتہائی سادگی سے شادی کی اور اگلے ہی دن ذمہ داریاں نبھانے ہسپتال پہنچ گئے۔
امریکا کے دو پاکستانی نژاد ڈاکٹروں کی شادی کے چرچے پوری دنیا میں ہونے لگے ہیں۔ خاندان کے بغیر سادہ شادی اور اگلے ہی روز ڈیوٹی پر حاضری دے کر ڈاکٹر کاشف اور ڈاکٹر نائیلہ نے پوری دنیا کے لیے ایک مثال قائم کر دی ہے۔
امریکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر کاشف چودھری کا کہنا تھا کہ چند ماہ پہلے انہوں نے پاکستانی انداز میں دھوم دھام سے شادی کرنے کا فیصلہ کیا تھا لیکن ان کا یہ خواب پورا نہ ہو سکا۔
ڈاکٹر کاشف اور ڈاکٹر نائیلہ نے صرف نکاح خواں اور گواہوں کی موجودگی میں شادی کی۔ لندن اور دیگر شہروں میں مقیم ان کے رشتہ دار ویڈیو لنک کے ذریعے شادی کی خوشیوں میں شریک ہوئے۔
دونوں اگلے ہی روز کورونا وائرس سے لڑنے کے لیے اوہایو روانہ ہو گئے۔ طب کے شعبے میں خدمات کے اعتراف میں ڈاکٹر کاشف کو سابق امریکی صدر باراک اوبامہ کے دور میں صدارتی سروس ایوارڈ سے بھی نوازا جا چکا ہے۔