لاہور: (دنیا نیوز) صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ پنجاب میں سب سے زیادہ کیسز اس وقت لاہورمیں ہے جبکہ جنوبی پنجاب میں مہلک وباء کی شدت کم ہے۔
دنیا نیوزکے پروگرام’’نقطہ نظر‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر صحت کا کہنا تھا کہ میو ہسپتال میں مریضوں کوکلوروکوئین دوائی دے رہے ہیں، گوجرانوالہ میں بھی مریضوں کی تعداد زیادہ ہے، گجرات میں 98 کیسزسامنے آئے ہیں۔ نوجوان قوت مدافعت کی وجہ سے صحت یاب ہورہے ہیں۔
پروگرام کے دوران ان کا مزید کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن کا فائدہ ضرور ہوا ہے، لاک ڈاؤن وقت پرہوگیا تھا، سب سے زیادہ کیس اس وقت لاہورمیں ہے، پنجاب میں 1430 مریضوں کا تعلق زائرین اورتبلیغی جماعت سے ہے۔
ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ اللہ کا شکرہے پاکستان میں صورتحال کنٹرول میں ہے، پلازما مریض سے تب لیا جاتا ہے جب نیگیٹورزلٹ آئے۔ پلازما پرکام کررہے ہیں۔
صوبائی وزیر صحت کا کہنا تھا کہ جن مریضوں کی حالت تشویشناک ان کے لیے علاج پلازما بہترہوسکتا ہے۔ جومریض صحت یاب ہوئے ان کی لسٹ بنارہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اگلے ہفتے ٹیسٹوں کی تعداد پانچ ہزارتک ہوجائے گی۔ این آئی ایچ نے جس دن منظوری دیدی کٹس استعمال کرنا شروع کردیں گے۔