لاہور: (محمد اشفاق سے) چیئرمین ماحولیاتی کمیشن جسٹس ریٹائرڈ علی اکبر قریشی کا لاہور ہائیکورٹ میں دو اور ماتحت عدالتوں میں 3 سینی ٹائزر ٹنل لگانے کا فیصلہ کیا ہے، 14اپریل کو منصوبہ مکمل ہونے کے بعد چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ قاسم خان افتتاح کریں گے۔
منصوبہ چیئرمین ماحولیاتی کمیشن جسٹس ریٹائرڈ علی اکبر قریشی کی نگرانی میں مکمل ہوگا۔ افتتاحی تقریب میں چیئرمین ماحولیاتی کمیشن جسٹس ریٹائرڈ علی اکبر قریشی، ہائیکورٹ کے دیگر ججز ایم ڈی واسا اور سرکاری افسر بھی شرکت کریں گے۔ ایک سینی ٹائزر ٹنل لاہور ہائیکورٹ کے جی پی او چوک کے گیٹ اور دوسری ٹنل لاہور ہائیکورٹ مسجد گیٹ پر لگائی جائے گی۔
لاہور ہائیکورٹ میں داخل ہونے والے وکلا، سائلین پولیس افسر، ٹنل سے گزر کر ہی اندر داخل ہوسکیں گے اور ہائیکورٹ کے تمام اضافی داخلی راستے بند کر دئیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ لاہور کی ضلع کچہری، ایوان عدل، سیشن کورٹ کے مرکزی دروازوں پر بھی سینی ٹائزر ٹنل لگائی جائیں گی، اس حوالے سے اقدامات شروع کر دئیے گئے ہیں۔