اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ لاک ڈاؤن کے مثبت اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ مریضوں کی تعداد بڑھنے کے جو اندازے لگائے گئے تھے، اس سے تعداد بہت کم ہے۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے علمائے کرام اور عوام کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ لاک ڈاؤن کے مثبت اثرات مرتب ہو رہے ہیں اور کرونا وائرس کے مریضوں کی تعدادبڑھنے کے جو اندازے لگائے گئے تھے اس سے تعداد بہت کم ہے۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے انے بیان میں کہا ہے کہ مقدس مہینہ رمضان کی آمد آمد ہے۔ اس ماہ مقدسہ میں بھی سماجی فاصلے کو برقرار رکھنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں یوٹیلٹی سٹورز کے سامان کی سپلائی کی خود مانیٹرنگ کروں گا اور متعلقہ اداروں سے یو ٹیلٹی سٹورز کو بروقت سامان کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔
تفصیل کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی ایک روزہ دورے پر گلگت پہنچے۔ گورنر گلگت بلتستان راجہ جلال حسین مقپون، معاون خصوصی صحت ڈاکٹر ظفر مرزا، وزیراعظم کے خصوصی مشیر عثمان ڈار اور چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹننٹ جنرل محمدافضل بھی ان کے ہمراہ تھے۔
گلگت ائرپورٹ پر وزیراعلیٰ حافظ حفیظ الرحمان، چیف سیکریٹری اور فورس کمانڈر سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے صدر مملکت کا استقبال کیا۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے گلگت میں کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے گلگت بلتستان حکومت اور انتظامیہ کی وبا کے خلاف اقدامات پر مبار کباد پیش کی اور کہا کہ حکومت اور انتظامیہ کی محنت کا نتیجہ ہے کہ گلگت بلتستان میں کرونا وائرس کے 216 مریضوں میں سے صرف 67 مریض رہ گئے ہیں جبکہ بقیہ تمام صحت یاب ہو چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ این ڈی ایم اے کی جانب سے 15 ہزار ٹیسٹنگ کٹس فراہم کئے گئے ہیں اور ہسپتالوں کے لئے دیگر جدید سامان بھی فراہم کیا جا رہا ہے۔