پاکستانی نژاد امریکیوں کی کورونا سے جاں بحق ہونے کی خبریں، سفارتخانے کی تردید

Last Updated On 12 April,2020 06:21 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستانی سفارتخانے نے پاکستانی نژاد امریکیوں کے کورونا وائرس سے جاں بحق ہونے سے متعلق خبروں کی سختی سے تردید کی ہے۔

تفصیل کے مطابق واشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانے نے نیویارک میں سو سے زائد پاکستانی نژاد امریکیوں کے کورونا وائرس کی وبا سے جاں بحق ہونے سے متعلق ذرائع ابلاغ کی خبروں کی تردید کی ہے۔

پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ امریکا میں اس سلسلے میں کسی سرکاری ذریعے سے باضابطہ طور پر مصدقہ اعدادوشمار دستیاب نہیں ہیں۔

ادھر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی ہدایات کے مطابق دفتر خارجہ نے آذربائیجان میں پھنسے ہوئے ایک سو ستائیس پاکستانیوں کو وطن واپس پہنچا دیا ہے۔

باکو میں پاکستانی سفارتخانے نے آذربائیجان کی حکومت کے تعاون سے ان پاکستانیوں کی وطن واپسی کا انتظام کیا جو کورونا کی وبا کے باعث وہاں پھنس گئے تھے۔

واضح رہے کہ وزیر خارجہ نے تمام مشنوں اور سفارتخانوں کو بیرون ملک سے پاکستانیوں کی بحفاظت وطن واپسی میں سہولت دینے کی ہدایت کی ہے۔
 

Advertisement