ملتان: نشتر ہسپتال کے 12 ڈاکٹرز میں کورونا کی تشخیص، حفاظتی اقدامات کا مطالبہ

Last Updated On 12 April,2020 08:57 pm

ملتان: (دنیا نیوز) نشتر ہسپتال میں 12 ڈاکٹروں میں کورونا وائرس کا ٹیسٹ پازیٹو آ گیا ہے۔ یہ ڈاکٹرز ڈاکٹر عدیل کے ساتھ ڈیوٹی پر تھے۔

پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن ملتان کے مطابق ہسپتال میں ناکافی سہولیات کے باعث میڈیکل سٹاف میں کورونا وائرس کی وبا پھیلی۔ اس رپورٹ پر حکومت کو آنکھیں کھولنی چاہیں۔

پی ایم اے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پوری دنیا میں طبی عملے کو سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں لیکن نشتر ہسپتال میں کوئی خیال نہیں رکھا جا رہا ہے۔

میڈٰیکل ایسوسی ایشن کی جانب سے حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ طبی عملے کو فوری اور مکمل حفاظتی سامان مہیا کیا جائے۔ ڈاکٹرز کو ٹیسٹنگ اور ہسپتال میں سہولیات کا شدید فقدان ہے۔

اس کے علاوہ یہ بھی مطالبہ کیا گیا ہے کہ نشتر ہسپتال میں کورونا وائرس کے تیزی سے پھیلنے کے ذمہ دار افسروں کا تعین کیا جائے۔ نشتر ہسپتال انتظامیہ عملی اقدامات نہ کر کے ڈاکٹرز کو سخت پالیسی کی جانب دھکیل رہی ہے۔ پی ایم اے ملتان اپنے ڈاکٹرز کی حفاظت کے لئے آخری حد تک جائے گی۔
 

Advertisement