’لاک ڈاؤن بڑھانے کا فیصلہ نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی اجلاس میں کیا جائیگا‘

Last Updated On 12 April,2020 09:33 pm

لاہور: (دنیا نیوز) صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ صوبہ پنجاب میں لاک ڈاؤن کو مزید بڑھانے کا فیصلہ نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی کے اجلاس میں کیا جائیگا۔

ڈاکٹر یاسمین راشد نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ پنجاب کے قرنطینہ سینٹرز میں سب سے زیادہ افراد کورونا وائرس کا شکار ہو رہے ہیں۔ متاثر ہونے والے زیادہ علاقوں میں لاہور، گوجرانوالہ، گجرات، راولپنڈی اور جہلم ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ متاثرہ علاقوں کے لاک ڈاؤن میں نرمی نہیں کی جائیگی۔ جی ٹی روڈ بیلٹ پر کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔ پنجاب میں اب تک چھتیس ہزار مشتبہ مریضوں کے تشخیصی ٹیسٹ کئے جا چکے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے جنوبی ایشیا میں سب سے زیادہ کورونا وائرس کے تشخیصی ٹیسٹ کئے۔ پنجاب میں کورونا وائرس کے تین سو کے قریب کنفرم مریض صحتیاب ہو کر اپنے گھروں کو واپس جا چکے ہیں۔

صوبائی وزیر صحت نے بتایا کہ لاہور کے بعض علاقوں کو کورونا وائرس کے کیسز بڑھنے پر مکمل سیل کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ سبزی منڈیوں میں افراد کے تشخیصی ٹیسٹ کروائے جا رہے ہیں۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں گھروں میں رہ کر حکومت کا ساتھ دیں۔ کورونا وائرس کے خلاف جنگ ہمیں سب کو مل کر لڑنا ہوگی۔
 

Advertisement