کورونا وائرس کہاں سے پھیلنا شروع ہوا؟ نئی تحقیق میں چشم کشا انکشافات

Last Updated On 12 April,2020 09:05 pm

لندن: (دنیا نیوز) کورونا وائرس کی کتنی قسمیں ہیں اور سب سے پہلے ہی وائرس کہاں سے پھیلنا شروع ہوا؟ کیمبرج یونیورسٹی کی نئی تحقیق میں چشم کشا انکشافات سامنے آگئے۔

کیمبرج یونیورسٹی کے پروفیسر پیٹر فاسٹر کہتے ہیں کہ اس وائرس کی ابتدائی قسم امریکا اور آسٹریلیا میں پائی جاتی ہے، ووہان سے یہ وائرس پھیلنے کا کوئی ثبوت موجود نہیں ہے۔

تفصیل کے مطابق کورونا وائرس کی پہلی قسم کی تلاش میں کیمبرج یونیورسٹی کی نئی تحقیق میں حیران کن انکشافات سامنے آ گئے ہیں۔ یونیورسٹی کے جینیاتی شعبے کے پروفیسر پیٹر فاسٹر کے مطابق کووڈ نائنٹین وائرس کی تین ذیلی اقسام دریافت ہو چکی ہیں جن کو اے، بی اور سی کٹیگری میں تقسیم کیا گیا ہے۔

سائنسدانوں کا اندازہ ہے کہ اس وائرس کا ٹائپ اے سب سے پہلے منظر عام پر آیا جس نے امریکا اور آسٹریلیا کو متاثر کیا ہے جبکہ ٹائپ بی وائرس ٹائپ اے کی جینیاتی طور پر تغیر شدہ شکل ہے جبکہ ٹائپ سی وائرس ٹائپ بی سے وجود میں آیا ہے۔

جینیاتی شعبے کے پروفیسر کے مطابق ٹائپ سی وائرس یورپ میں لوگوں کو متاثر کر رہا ہے جبکہ مشرقی ایشیائی مملک میں اس وائرس کی ٹائپ بی موجود ہے۔ چینی شہر ووہان میں زیادہ تر وائرس کی ٹائپ بی پائی گئی جبکہ ٹائپ اے کے بہت تھوڑے کیسز ملے۔

پروفیسر پیٹر فارسٹر کا کہنا ہے کہ ابھی اس بات کا کوئی ثبوت نہیں کہ یہ وائرس سب سے پہلے چین کے شہر ووہان میں پیدا ہوا تھا۔
 

Advertisement