اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ کرغزستان میں پھنسے پاکستانی طلبہ اور دیگر شہریوں کی واپسی کیلئے سفری انتظامات کئے جا رہے ہیں۔
اپنے ایک ویڈیو پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ تقریباً 9 ہزار طلبہ کرغزستان میں موجود ہیں۔ وہاں رات سے صبح تک کرفیو عائد رہتا ہے جس پر سختی سے عملدرآمد ہو رہا ہے۔ ماسک کے بغیر یا غیر ضروری طور پر باہر نکلنے پر لوگ گرفتار کر لئے جاتے ہیں۔ ان حالات میں پاکستان کو اپنے شہریوں کا خیال ہے اور ان کی سہولت کیلئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔
صدر مملکت نے کہا کہ کرغزستان میں اس حوالہ سے پاکستانی سفارتخانہ نے بہت کردار ادا کیا ہے۔ اس سلسلے میں طلبہ بارے سروے کیا گیا جس میں یہ معلوم ہوا ہے کہ وہاں موجود 300 سے 400 طلبہ پاکستان آنے کیلئے تیار ہیں تاہم بڑی تعداد ایسی ہے جو تعلیمی سرگرمیاں بحال ہونے کے امکان کے پیش نظر واپس نہیں آنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ واپسی کے خواہاں طلبہ کو سہولت فراہم کرنے کیلئے میں نے کرغزستان میں پاکستان کے سفیر حسن طارق سے سفری انتظامات کرنے کا کہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وہاں کچھ لوگ ایسے بھی پھنسے ہوئے ہیں جو کاروبار کیلئے یا سیاحتی ویزہ پر گئے تھے، ان کی واپسی کیلئے بھی انتظامات کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ کرغزستان سے واپس آنا چاہتے ہیں وہ وزارت خارجہ کے ای امیل ایڈریس parepbishkek@mofa.pk پر اپنی رجسٹریشن کرائیں تاکہ ان کی جلد واپسی کیلئے انتظامات یقینی بنائے جا سکیں۔