لاہور: (روزنامہ دنیا) چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کے احکامات پر نیب لاہور نے پرائیویٹ لیبارٹری سے کورونا ٹیسٹ معاوضے میں 50 فیصد کمی کرا لی۔
ڈی جی نیب لاہور کی ہدایات کے مطابق نیب کے آگاہی و تدارک ونگ کے افسران نے چغتائی لیب کے ڈائریکٹر آپریشنز و دیگر حکام سے ملاقات کی۔ نیب لاہور کی گفت و شنید کے بعد چغتائی لیب انتظامیہ نے ضعیف شہریوں کیلئے کورونا ٹیسٹ قیمتوں میں 50 فیصد کمی کا اعلان کر دیا۔
نیب لاہور کی جانب سے ڈاکٹر عمر چغتائی اور انتظامیہ کو 13 اپریل کو بریفنگ کیلئے طلب کیا گیا۔ میٹنگ میں ٹیسٹ کے معیار میں سمجھوتہ کئے بغیر قیمتوں میں کمی کا کہا گیا۔ ڈی جی نیب لاہور کی ہدایات کی روشنی میں اور عوامی و ملکی فلاح کو مد نظر رکھتے ہوئے چغتائی انتظامیہ نے ٹیسٹ کی قیمت میں 50 فیصد کمی کر دی۔