واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکا میں کورونا سے تباہی جاری ہے، مزید 2 ہزار 535 افراد ہلاک ہوئے، تعداد 37 ہزار 158 ہو گئی، 7 لاکھ 10 ہزار سے زائد لوگ متاثر ہیں، صدر ٹرمپ نے کچھ ریاستوں میں سخت لاک ڈاؤن کی مخالفت کی ہے۔
کورونا سے امریکا میں ہلاکتوں کی تعداد 37 ہزار سے تجاوز کر گئی، ریاست نیو یارک میں 17 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ صدر ٹرمپ نے بعض امریکی ریاستوں میں سخت لاک ڈاؤن کی مخالفت کر دی۔ وائٹ ہاؤس میں بریفننگ کے دوران ان کا کہنا تھا کہ مینیسوٹا، مشی گن اور ورجینیا میں کچھ اقدامات بہت سخت ہیں۔
صدر ٹرمپ نے چین کی ووہان لیب کیلئے امریکی گرانٹ ختم کرنے کا بھی فیصلہ کر لیا، یہ امداد 2015 میں صدر اوباما نے دی تھی، امریکی صدر نے مزید کہا کہ چین نے اندورنی حالات سے آگاہی نہیں دی، جس پر وہ خوش نہیں ہیں۔ صدر ٹرمپ نے کسانوں کے لیے 19 ارب ڈالر کے ریلیف پیکج کا بھی اعلان کیا ہے۔