اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزارت قانون نے انسداد سمگلنگ سے متعلق آرڈیننس وزیراعظم عمران خان کو بھجوا دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق آٹا، چینی، آلو، دالیں، پیاز، لائیو سٹاک، خوردنی تیل کو سسمگلنگ کے دائرہ کار میں شامل کرلیا گیا۔ سونا ،غیر ملکی کرنسی کی غیر قانونی ترسیل اسمگلنگ کے ذمرے میں آئے گی۔
آرڈیننس کے مطابق غیر اعلانیہ راستوں کے ذریعہ ان اشیا کی ترسیل سمگلنگ قرار دیدی گئی۔ اسسٹنٹ کلکٹر افسر اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے علاوہ کسٹم اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کو بھی آرڈیننس کے نفاذ کا اختیار دیدیا گیا۔
آرڈیننس کے مطابق ضلعی انتظامیہ کی شکایت پر ایکشن نہ لینے والے کسٹم افسر کے خلاف سیکرٹری قانون کارروائی کر سکیں گے، سمگلر کو وارنٹ کے بغیر گرفتار کیا جاسکے گا، سمگلنگ کی اطلاع دینے والے کو ضبط مال کا دس فیصد انعام ملے گا۔