کراچی: (دنیا نیوز) ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا، فیصل ایدھی ڈاکٹر کی ہدایت پر آئیسولیشن میں چلے گئے، ایدھی ذرائع کے مطابق وہ اس وقت اسلام آباد میں مقیم ہیں۔
فیصل ایدھی کا کہنا تھا ڈاکٹرز کے مطابق 10 سے 15 روز کے دوران کورونا کا شکار ہوا، بدھ کو بخار اور سر درد کی شکایت ہوئی، 3 روز تک یہی علامات رہیں، کل ٹیسٹ کرایا تھا، اب بظاہر کوئی علامت موجود نہیں لیکن ٹیسٹ مثبت آیا، ایک ہفتے تک سیلف آئسیولیشن میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
دوسری جانب وزیراعظم کے ذاتی معالج ڈاکٹر فیصل سلطان نے دنیا نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے کہا فیصل ایدھی نے وزیراعظم سے چند روز پہلے ملاقات کی تھی، فیصل ایدھی کا کورونا ٹیسٹ پازیٹو آنے کے بعد وزیراعظم کو ٹیسٹ کرانے کی تجویز دوں گا، وزیراعظم عمران خان سے فی الحال اس معاملے پر کوئی بات نہیں ہوئی، وزیراعظم سے رابطے پر کورونا ٹیسٹ سے متعلق بات کروں گا۔
خیال رہے ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی نے کچھ روز قبل وزیراعظم سے ملاقات کر کے انہیں وزیراعظم کورونا ریلیف فنڈز کے لئے ایک کروڑ روپے کا چیک پیش کیا تھا۔
ملک بھر میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 9 ہزار 216 تک پہنچ گئی جبکہ ایک دن میں 16 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد اموات کی تعداد 192 ہوگئی۔ اب تک 2066 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں۔