پشاور: (دنیا نیوز) صوبائی مشیر اطلاعات اجمل وزیر نے اپنے خدشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس کا خطرہ کم نہیں ہوا بلکہ بڑھ رہا ہے۔
پشاور میں میڈیا کوبریفنگ دیتے ہوئے اجمل وزیر خان کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے لاک ڈاؤن میں نرمی کا مطلب کھلی چھٹی نہیں، سب کو احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا چاہیے۔ اگر ہم نے احتیاطی تدابیر پر عمل نہ کیا تو خطرہ بڑھے گا۔
اجمل وزیر نے بتایا کہ وائرس کا خطرہ بڑھ رہا ہے، زیادہ کیسز پشاور سے سامنے آ رہے ہیں۔ احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں، ایک شخص سے گھر، محلے اور علاقے میں وائرس پھیل سکتا ہے، عوام اپنے گھروں تک محدود رہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ذخیرہ اندوزوں کے خلاف آرڈیننس نافذ کر دیا گیا ہے۔ 32 اشیائے ضروریہ کی ذخیرہ اندوزی کرنیوالوں کو بغیر وارننگ گرفتار کیا جائیگا۔ ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کو تین سال قید، جرمانہ اور ضبط شدہ مال کی نیلامی ہوگی۔ ذخیرہ اندوزی کی اطلاع دینے والے کو ضبط مال کا 10 فیصد بطور انعام دیا جائے گا۔