اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مساجد کے آئمہ کرام کو ہدایت کی ہے کہ وہ پچاس سال سے زائد العمر نمازیوں کو نماز گھروں پر ادا کرنے کی تلقین کریں۔
اسلام آباد میں مختلف مساجد کے دورے کے بعد آئمہ کرام کے نام اپنے خط میں انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک سے متعلق بیس نکاتی اعلامیے کی شق نمبر چھ پر سختی سے عملدرآمد کی ضرورت ہے جس کے تحت پچاس سال سے زائد العمر نمازیوں کو باجماعت نماز کی ادائیگی کیلئے مساجد آنے سے گریز کرنا چاہیے۔ تاہم انہوں نے مساجد انتظامیہ کی جانب سے بیس نکاتی اعلامیے پر عملدرآمد پر اطمینان کا اظہار کیا۔
صدر مملکت نے راولپنڈی کی مختلف مساجد کا دورہ بھی کیا۔ انہوں نے مساجد کی انتظامیہ کو ہدایات دیں کہ کوروناوائرس کی وباء کی روک تھام کیلئے تمام ضروری احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کیا جائے۔
صدر نے مساجد انتظامیہ کی طرف سے کوروناوائرس کی روک تھام کیلئے نمازوں اور تراویح کے اجتماعات کے دوران اختیار کی گئی ضروری احتیاطی تدابیر اور اس حوالے سے کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیا۔