اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے علمائے کرام سے درخواست کی ہے کہ وہ لوگوں کو گھر کے اندر رہنے، گھر میں نماز پڑھنے سے متعلق مشورہ اور آگاہی فراہم کریں۔
تفصیل کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے علمائے کرام پر زور دیا ہے کہ وہ لوگوں کو گھر کے اندر رہنے اور گھر میں نماز پڑھنے سے متعلق مشورہ اور آگاہی فراہم کریں جس سے بیماری کے پھیلاؤ پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا ہے کہ موجودہ بحران کا واحد حل سماجی فاصلے کو برقرار رکھنا ہے اور ایسی صورتحال سے نمٹنے کیلئے اسلام کی جانب سے فراہم کردہ رہنما اصولوں پر عمل کرنا ہے۔
ان خیالات کا اظہار صدر مملکت نے جمعرات کو مختلف مکاتب فکر کے علمائے کرام اور گورنرز کے ساتھ ویڈیو کانفرنس میں کیا۔ مشاورتی اجلاس کے دوران صدر مملکت نے علمائے کرام سے کورونا وبائی مرض سے پیدا ہونے والی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا اور عوام میں اس مرض سے متعلق آگاہی پیدا کرنے کیلئے ان سے تعاون کی گزارش کی۔
صدر مملکت نے ان احتیاطی تدابیر پر روشنی ڈالی جو لوگوں میں بیماری کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ بحران کا واحد حل سماجی فاصلے کو برقرار رکھنا ہے اور ایسی صورتحال سے نمٹنے کیلئے اسلام کی جانب سے فراہم کردہ رہنما اصولوں پر عمل کرنا ہے۔
صدر نے علمائے کرام کے اتحاد خصوصاً ان کے کراچی میں جاری کردہ متفقہ اعلامیہ کی تعریف کی جس میں کورونا وائرس کے خلاف احتیاطی اقدامات اپنانے پر زور دیا گیا ہے۔
علمائے کرام نے صدر مملکت کو مکمل حمایت کا یقین دلایا اور کہا کہ وہ حکومت کی طرف سے دی گئی ہدایات پر عمل کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے پہلے ہی مذہبی اجتماعات کو منسوخ کرنے، کانووکیشنز اور امتحانات ملتوی کرنے کے علاوہ مدارس کے 30 لاکھ طلبہ کیلئے تعطیلات کا اعلان کرنے کے علاوہ بھی متعدد اقدامات کئے ہیں۔
علمائے کرام نے لوگوں کو نصیحت کی کہ وہ اس بحران سے بچانے کیلئے اللہ تعالیٰ سے رحمت کے طلب گار ہوں۔ انہوں نے حکومت کی جانب سے ضرورت مندوں کی فلاح و بہبود کیلئے اٹھائے گئے امدادی اقدامات کی بھی تعریف کی۔