صدر مملکت کی سربراہی میں لاہور میں اجلاس، گورنر، وزیراعلی اور وزرا شریک

Last Updated On 08 April,2020 02:04 pm

لاہور: (دنیا نیوز) صدر مملکت عارف علوی کی زیرصدارت لاہور میں اعلی سطحی اجلاس ہوا جس میں گورنر محمد سرور، وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار، صوبائی وزرا اور اعلی حکام شریک ہوئے۔ چیف سیکرٹری پنجاب نے اراکین کو کورونا وائرس کی صوبے میں صورتحال سے متعلق بریفنگ دی۔

اجلاس کے دوران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے صدر مملکت کو مریضوں کے علاج معالجے کے طریقہ کار سے متعلق آگاہ کیا اور صوبے بھر میں قائم قرنطینہ مراکز اور سہولیات سے متعلق بتایا۔ ڈپٹی کمشنر لاہور کی جانب سے صدر مملکت کو مارکیٹ میں حفاظتی اشیا کی فراہمی پر بریفنگ دی گئی۔ 

اس موقع پر صدر مملکت نے کہا کہ مریضوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں، مشتبہ مریضوں کو ٹھہرانے کے لیے قائم آئسولیشن مراکز میں بھی اعلی معیار کی سہولیات یقینی بنائی جائیں۔

چیف سیکرٹری پنجاب نے اراکین کو انتظامی معاملات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے سفری ہدایات پر عملدرآمد جاری ہے۔ صوبے بھر میں آمدورفت کو محدود رکھنے کے لیے خاطر خواہ انتظامات کیے گئے ہیں۔ ہسپتالوں میں علاج معالجے کے لیے ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنایا گیا ہے۔