اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں 13 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا اور متعدد نکات کی منظوری دی گئی، وفاقی کابینہ نے چھوٹے کاروبار کرنے والوں کے لئے75 ارب روپے کے پیکج کی منظوری دے دی۔
بتایا گیا ہے کہ وفاقی حکومت چھوٹے کاروباری حضرات کیلئے 3 ماہ تک بجلی کا بل معاف کرے گی، کابینہ نے لیمیٹڈ کمپنیوں میں ڈائریکٹرزکی خالی اسامیوں پر نامزدگیوں کی منظوری دی۔
اجلاس کے دوران کابینہ کو کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے اقدامات پر مفصل بریفنگ دی گئی، کابینہ نے وائرس پر قائم قومی تعاون کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق کر دی۔ وفاقی کابینہ نے ملک کی معاشی و سیاسی صورتحال پر بھی غور کیا، کورونا سے متاثر صحافیوں اور صحافتی اداروں کی مالی امداد کےپیکج کی منظوری دی۔ وزیراعظم نے وزیراطلاعات شبلی فراز اور معاون اطلاعات عاصم سلیم باجوہ کو پہلا ٹاسک سونپ دیا۔