بھارت میں مسلمانوں پر مظالم، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا او آئی سی کو خط

Last Updated On 28 April,2020 09:50 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے سیکرٹری جنرل او آئی سی اور رکن ممالک کو خط لکھ کر بھارت میں مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم سے آگاہ کیا ہے۔

وزیر خارجہ نے اپن خط میں لکھا کہ بھارت کی انتہاء پسند ہندو جماعت آر ایس ایس اور حکمراں بھارتیہ جنتا پارٹی مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیزی پھیلا رہی ہیں۔ بھارت میں بسنے والے مسلمانوں کو کورونا وائرس کا ذمہ دار قرار دیا جارہا ہے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ بھارت میں مسلمانوں کو انسانی بم قرار دے کر ان کی کردار کشی کی جا رہی ہے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کا سوشل میڈیا سیل کورونا جہاد، بائیو جہاد اور کویڈ 19 جیسے پغامات پھیلا رہا ہے۔

وزیر خارجہ نے مطالبہ کیا کہ او آئی سی اس معاملے کو عالمی فورمز پر اٹھائے۔ ہندوستان کے ہتک آمیز اقدامات بین الاقوامی قوانین اور قراردادوں کے منافی ہیں۔ مسلمانوں کے خلاف عالمی اور مقامی ذرائع ابلاغ دکانوں اور مساجد پر حملوں کے مناظر دکھا رہےہیں۔ انہوں نے متنبہ کیا کہ ہندوتوا ایجنڈے کے تحت چلنے والی مہم کے نتائج انتہائی مہلک ہو سکتے ہیں۔