کویت سٹی: (دنیا نیوز) کویت کی کابینہ نے بھارت میں مسلمانوں پر مظالم کی مذمت کرتے ہوئے آرگنائزیشن آف اسلامک کوآپریشن (او آئی سی) سے مداخلت کی اپیل کر دی ہے۔
تفصیل کے مطابق بھارت میں مسلمانوں پر ظلم و ستم پر عرب ملک کویت بھی بول اٹھا ہے۔ کویتی کابینہ نے اپنے بیان میں مسلمانوں پر جاری تشدد کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ عرب حکومت نے بھارتی مسلمانوں کے تحفظ کے لئے او آئی سی سے فوری مداخلت کی اپیل کر دی ہے۔
خیال رہے کہ بھارت میں ہر گزرتے دن کے ساتھ مسلمانوں کے خلاف مظالم میں اضافہ ہو رہا ہے۔ مسلمانوں کو کبھی کورونا کے پھیلاؤ کا باعث قرار دے کر مارا جاتا ہے، تو کبھی ہندو عوام کو مسلم تاجروں سے خریداری سے روکا جاتا ہے۔
انتہا پسندوں کی جانب سے جاری ویڈیو میں شہریوں کو صرف ہندوؤں سے سبزی خریدنے کی ترغیب دی جاتی ہے۔ آگرہ میں مسلمان سبزی فروش کو انتہا پسندوں نے بد ترین تشدد کا نشانہ بنایا۔
ہندو انتہا پسند تنظیم آر ایس ایس غریب مسلمانوں کا ایمان خریدنے میں ناکام ہوگئی، انھیں راشن دینے کا لالچ دیا، جے شری رام کا نعرہ لگانے کا کہا، مگر مسلمانوں نے انہیں چلتا کر دیا۔ ریاست بہار میں انتہائی غریب شہریوں کو صرف مسلمان ہونے کی بنا پر راشن سے محروم رکھا جا رہا ہے۔