نیب آرڈیننس کا ترمیمی مسودہ تیار، چیئرمین نیب سے گرفتاری کا اختیار واپس لیا جائے گا

Last Updated On 29 April,2020 01:40 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نیب آرڈیننس کا ترمیمی مسودہ تیار کر لیا گیا ہے جس کے تحت چیئرمین نیب سے گرفتاری کا اختیار واپس لے لیا جائے گا، کسی مقام کو سب جیل قرار نہیں دیا جا سکے گا۔

ترمیمی مسودے کے مطابق ٹیکس ڈیوٹی کےمعاملات نیب کے دائرہ کار میں نہیں آئیں گے، انکوائریز اور انویسٹی گیشنز متعلقہ اداروں کو منتقل کر دی جائیں گی۔ اہلیہ، بچے، بھائی اور بہن بےنامی دار کی کیٹیگری میں نہیں آئیں گے، زیرکفالت اہلیہ اور بچوں میں صرف وہ شمار ہوں گے جو ذاتی طور پر ٹیکس فائلر نہ ہوں۔

وفاق اور صوبائی ریگولیٹری باڈی کے دائرہ کار والے معاملات بھی نیب نہیں دیکھ سکے گا، نیب ایک ارب روپے سے کم کرپشن پر تحقیقات نہیں کر سکے گا۔