اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے لاک ڈاؤن بتدریج کھولنے کا اعلان کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن کو آہستہ آہستہ کھولنا ہے، ایس او پیز پر عمل نہ کیا تو کورونا تیزی سے پھیلے گا، ٹائیگر فورس لوگوں میں شعور پیدا کرے گی۔
وزیراعظم عمران خان نے ٹائیگر فورس سے خطاب کرتے ہوئے کہا وائرس کے باعث پوری دنیا میں لاک ڈاؤن کرنا پڑا، دیہاڑی دار اور چھوٹا طبقہ لاک ڈاؤن سے بہت متاثر ہوا، برطانوی وزیراعظم نے رضاکاروں کیلئے درخواست کی، لاک ڈاؤن کی وجہ سے ملک میں بڑے مسائل ہیں، موجودہ صور تحال میں ٹائیگر فورس کا اہم کردار ہوگا، شوکت خانم کی فنڈنگ کیلئے عمران ٹائیگر فورس بنائی تھی۔
عمران خان کا کہنا تھا لوگوں کو کورونا سے بچانا اور روزگار بھی پیدا کرنا ہے، لاک ڈاؤن کی وجہ سے بہت سے لوگ متاثر ہوئے ہیں، ٹائیگر فورس انتظامیہ سے مل کر کام کرے گی، ٹائیگر فورس نے بےروزگار ہونیوالوں کی رجسٹریشن کرنی ہے، مستحق بے روزگاروں کو احساس پروگرام سے کیش دیا جائے گا، لاک ڈاؤن کی وجہ سے ملک میں بڑے مسائل ہیں، عوام ذخیرہ اندوزوں کیخلاف انتظامیہ کو شکایات درج کرائیں۔
یہ بھی پڑھیں: آنے والے دنوں میں لاک ڈاؤن میں بتدریج نرمی ہوگی: وزیراعظم عمران خان
دوسری جانب وزیراعظم نے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب میں کہا ہے کہ آنے والے دنوں میں لاک ڈاؤن میں بتدریج نرمی ہوگی، ہر شعبے کیلئے حفاظتی اقدامات پر مبنی ایس او پیز تیار کرلئے، اختلافات بھلا کر قوم کی خدمت وقت کا اہم تقاضا ہے، ہر طبقے کو ریلیف دینے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عوامی نمائندوں کیلئے عوام کی خدمت کا بہترین موقع ہے، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے ثمرات عوام تک پہنچانے ہیں، ارکان اسمبلی اپنے حلقوں میں انتظامیہ کے ساتھ مل کر قیمتوں پر نظر رکھیں، ارکان اسمبلی کورونا سے نمٹنے کیلئے نوجوانوں کو متحرک کریں، حکومتی گائیڈ لائنز پر عملدرآمد کیلئے انتظامیہ سے مل کر کام کریں۔
عمران خان نے کہا کہ ارکان اسمبلی حلقوں میں اپنی ٹیمیں بنا کر مستحق افراد تک پہنچیں، حکومت ہر طبقے کو ریلیف فراہم کرنے کے اقدامات کر رہی ہے، ارکان اسمبلی مساجد میں ایس او پیز پر عملدرآمد کرانے میں کردار ادا کریں، موجودہ صورتحال میں ایک ٹیم بن کر کام کرنا ہوگا، مجھے معلوم ہے ہر کوئی اپنی استعداد میں کام کر رہا ہے، اتحاد اور ڈسپلن کے ساتھ کورونا کا کامیابی سے مقابلہ کریں گے۔