اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے پشاور بی آر ٹی منصوبے میں ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف حکم امتناع میں توسیع کر دی۔ عدالت نے درخواست گزار کے اعتراضات پر خیبرپختونخوا حکومت سے جواب طلب کرتے ہوئے سماعت غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دی۔
جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے سماعت کی۔ عدالت کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت درخواست گزار کے اعتراضات پر جواب سے راہ فرار اختیار نہیں کر سکتی۔ جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیئے کہ منصوبہ پر ایک قدم آگے تو دو قدم پیچھے والی مثال صادق آتی ہے، صوبائی حکومت عوام کے پیسہ سے منصوبہ مکمل کر رہی ہے پیسہ ضائع ہو جائے تو بازپرس تو ہوگی، بتایا جائے کہ منصوبہ کب آپریشنل ہوگا۔
صوبائی حکومت کے وکیل کا کہنا تھا کہ منصوبہ کی تکمیل کی تاریخ 31 جولائی ہےتاہم کورونا وبا کی وجہ سے 25 دن سے کام روکا ہوا ہے، کنٹریکٹر نے تا حال نئی تاریخ نہیں دی۔