اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی ائیر لائن (پی آئی اے) کی پہلی خصوصی پرواز امریکی شہر واشنگٹن سے پاکستانی شہریوں کو لے کر اسلام آباد پہنچ گئی ہے۔
قومی ائیر لائن کی پرواز پی کے 8722 کے ذریعے 179 مسافر واشنگٹن سے اسلام آباد پہنچے۔ مسافروں نے وطن واپس پہنچنے پر پی آئی اے کی خدمات کو سراہا۔
پی آئی اے کی جانب سے بیرون ملک پھنسے ہوئے آخری پاکستانی کی وطن واپسی تک اپنا امدادی آپریشن جاری رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ امریکہ سے اگلے چند دنوں میں مزید امدادی پروازیں بھی پاکستان پہنچیں گی۔
دوسری جانب پی آئی اے پاکستانی نژاد برطانوی شہریوں کی واپسی کے لیے 11 سے 17 مئی تک 9 پروازیں آپریٹ کرے گا۔ لاہور سے 2 جبکہ اسلام آباد سے 7 خصوصی پروازیں برطانیہ کے لئے روانہ ہونگی۔
یہ پروازیں پاکستان سے لندن، مانچسٹر اور برمنگھم کے لیے آپریٹ کی جائیں گئیں۔ پہلی پرواز 11 مئی کو اسلام آباد سے لندن جائے گی، 12 مئی کو اسلام آباد سے مانچسٹر جائے گی، 13 مئی کو پی آئی اے لاہور سے لندن کیلئے خصوصی پرواز چلائے گی۔
اس کے علاوہ 14 مئی کو اسلام آباد سے لندن اور مانچسٹر کے لیے دو پروازیں آپریٹ کی جائیں گی۔ 15 مئی کو لاہور سے مانچسٹر کے لیے خصوصی پرواز چلائی جائے گی۔
16 مئی سے اسلام آباد سے مانچسٹر اور برمنگھم دو خصوصی پروازیں چلائی جائیں گی جبکہ 17 مئی کو پی آئی اے کی خصوصی پرواز اسلام آباد سے لندن جائے روانہ ہوگی۔