لندن: (دنیا نیوز) برطانیہ میں پھنسے پاکستانیوں کیلئے اچھی خبر، پی آئی اے نے کل سے جزوی آپریشن بحال کر دیا، یکطرفہ رعایتی کرایہ ایک لاکھ 10 ہزار روپے یا 525 پاؤنڈ مقرر کر دیا گیا۔
پی آئی اے کل سے روزانہ لاہور اور اسلام آباد سے لندن، مانچسٹر اور برمنگھم کیلئے پروازیں چلائے گی، پروازوں کا مقصد دونوں ملکوں میں پھنسے شہریوں کو وطن واپس پہنچانا ہے، پی آئی اے نے قومی مفاد میں فوری طور پر اپنی خدمات فراہم کر دیں، اجازت تمام حفاظتی اصولوں پر عمل درآمد کی یقین دہانی پر دی گئی۔
پی آئی اے نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر اور عوام کے پر زور اسرار پر خصوصی رعایت بھی متعارف کروا دی، یکطرفہ رعایتی کرایہ ایک لاکھ 10 ہزار روپے یا 525 پاونڈ ہوگا، پروازوں پر پہلے سے بکنگ رکھنے والے مسافروں کو بھی ایڈجسٹ کیا جائے گا تاہم نئی بکنگ کروانے والے مسافر فوری طور پر پی آئی اے کی ویب سائیٹ یا دفاتر سے رجوع کریں گے۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق پروازیں آج سے بکنگ کیلئے دستیاب ہیں، بکنگ پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پر کی جائیں گی، پی آئی اے کی براہ راست پروازوں کی وجہ سے کم از کم سفری وقت اور ٹرانزٹ نہ ہونے کی وجہ سے مسافروں کا وائرس سے پچاؤ کے امکانات سب سے زیادہ ہیں۔ خیال رہے برطانوی اور پاکستانی حکومتوں پر اپنے شہریوں کی طرف سے شدید دباؤ تھا۔