اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سینیٹ میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی تقریر پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ان سے الفاظ واپس لینے یا استعفے کا مطالبہ کر دیا ہے۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ایسی بیان بازی کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔ میں آپ کی طرف تعاون کر رہا ہوں اور آپ اس طرح کے بیان دے رہے ہیں، مطالبہ کرتا ہوں کہ وزیر خارجہ الفاظ واپس لیں یا استعفی دیں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ میں نے کل وزیراعظم سے کہا تھا کہ وہ اپنی بیٹنگ لائن تبدیل کرکے سیریس لوگوں کو لائیں، ایک وزیرنے آج سینیٹ میں تقریر کی، انھیں اس قسم کا بیان نہیں دینا چاہیے تھا۔ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ چاروں صوبوں کی بات کی۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ شاہ محمود قریشی سندھ کارڈ سے متعلق اپنے الفاظ واپس لیں۔ ہم بلوچستان کی پسماندگی کی بات کرتے ہیں تو کیا بلوچستان کارڈ کھیلتے ہیں؟ خیبر پختونخوا اور فاٹا کی بات کرتا ہوں تو کیا مجھ پر خیبر پختونخوا یا فاٹا کارڈ کا الزام لگتا ہے؟ ایسے بیانات سے نقصان ہوگا۔ کیا آپ سندھ میں سیاسی لوہا منوائیں گے؟ یہ وقت سیاسی لوہا منوانے کا نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ شوگر کا تماشا ہی رہے گا، شوگر کمیشن کا سارا ڈرامہ دیکھ رہا ہوں۔ یہ اپنے مخالفین کو کھینچنا جانتے ہیں۔ ان کوکوئی دلچسپی نہیں کہ انصاف ہو۔ ہم شوگر ڈرامے کو بے نقاب کریں گے۔